حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، ایران کے صوبہ بوشہر میں نمائندہ ولی فقیہ اور امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین غلام علی صفائی بوشہری نے جمعہ کی شب بوشہر کے انقلابی، ولایت مدار اور میدان میں موجود عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوام اور مقاومت کے علمبرداروں کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا: ان شاءاللہ عوام کی یہ موجودگی بہت جلد تمام میدانوں میں ایران کی کامیابی کے ساتھ ایک عظیم جشنِ فتح میں تبدیل ہو جائے گی۔
حجت الاسلام والمسلمین صفائی بوشہری نے عالمی سطح پر ایرانی قوم کی انقلابی جدوجہد کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں ایرانی عوام کی مقاومت نے بین الاقوامی سطح پر اہم نتائج مرتب کیے ہیں۔
انہوں نے کہا: امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست اور ٹرمپ کے سیاسی دھڑے کی ناکامی بھی عالمی سیاسی معاملات پر ایرانی قوم کی مقاومت کے اثرات کی ایک علامت ہے۔

صوبہ بوشہر میں نمائندہ ولی فقیہ نے کہا: اسلامی ایران آج اقتدار کی بلندیوں پر کھڑا ہے۔ ایرانی قوم اور مسلح افواج نے رہبر معظم انقلاب کی قیادت میں ایسی طاقت حاصل کر لی ہے جس کے اثرات قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: مستقبل کے عالمی نظام میں ایران کا مقام اسی مقاومت سے متاثر ہوگا۔ امریکہ ذلت کی انتہا پر جبکہ ایران عزت کی بلندیوں پر ہے اور ایرانی قوم حتمی فتح تک مقاومت اور امریکہ کے خلاف مقابلے سے دستبردار نہیں ہو گی۔
امام جمعہ بوشہر نے خلیجی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: انہیں سمجھنا چاہیے کہ اس خطے کی سلامتی صرف ایران کی طاقت پر انحصار اور اسلامی جمہوریہ کے ساتھ تعاون کے ذریعہ ہی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے خطے کے ممالک کے حوالے سے امریکی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا: امریکہ ان ممالک کو ذلیل کرنے اور ان کے وسائل و دولت سے فائدہ اٹھانے کے ذریعے ان پر اپنا تسلط قائم کرنا اور انہیں کمزور کرنا چاہتا ہے جبکہ حقیقی عزت اسلام اور اسلامی ایران کے ساتھ وابستگی میں ہے۔










آپ کا تبصرہ